پاکستان

لاپتا شہری سمیع اللہ کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

لاپتا شہری کی بازیابی کے لیے آئی جی اسلام آباد کو تین دن کی مہلت دی جاتی ہے، عدالت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا شہری سمیع اللہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

جسٹس محسن اخترکیانی کی جانب سے محمد خرم جاوید کی درخواست پر سماعت کے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ تسلی بخش نہیں ہے، آئی جی اسلام آباد کی جانب سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیاگیا۔

مزید کہا گیا کہ شہری کو اٹھانے والی گاڑی تک کا پتا نہ چلایا جاسکا، جو ویڈیو میں واضع نظر آئی۔

حکم نامے کے مطابق لاپتا شہری کی بازیابی کے لیے آئی جی اسلام آباد کو تین دن کی مہلت دی جاتی ہے، شہری کی عدم بازیابی پر آئی جی اسلام آباد کے خلاف نااہلی اور ناقص کارکردگی پرکرمنل مقدمہ بھی درج کیا جاسکتاہے۔کیس کی آئندہ سماعت23 جولائی کو دستیاب بنچ کے سامنے مقرر کیاجائے،حکمنامہ