پاکستان

بلوچستان: ضلع ژوب میں ڈیڑھ سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق

ژوب کی یونین کونسل حسن زئی سے ڈیڑھ سالہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 28 جون کو ظاہر ہوئیں۔

ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا، بلوچستان کے ضلع ژوب میں ڈیڑھ سالہ بچہ پولیو سے متاثر ہوا، جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 9 ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ژوب کی یونین کونسل حسن زئی اربن 2 سے ڈیڑھ سالہ بچے سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 28 جون کو ظاہر ہوئیں۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق وائرس کی جینیاتی جانچ ابھی جاری ہے۔

وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ 50 سے زائد اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی بچوں کے لیے مسلسل خطرہ ہے، خاص طور پر ایسے بچے جن کی قوت مدافعت ویکسین نہ لینے کی وجہ سے کمزور ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو اس سے بچانے کا سب سے موثر طریقہ پولیو سے بچاؤ کی متعدد خوراکیں ہیں۔