پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

احسن آباد، گلشن معمار، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن اور گلستان جوہر میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے جن مضافاتی علاقوں میں بارش ہوئی، ان میں بحریہ ٹاؤن، احسن آباد، گلشن معمار اور اسکیم 33 شامل ہے۔

اسی طرح سرجانی ٹاؤن اور اطراف میں بھی تیز بارش ہوئی جبکہ گلستان جوہر میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

نیو کراچی، نارتھ کراچی، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ پر بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجست سردار سرفراز نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ اسپیل کے تحت شہر کے مخلتف علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ بارش ہوسکتی ہے، کہیں تیز اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو وہ لو پریشر جو شہر میں ہیٹ ویو کا باعث بنا ہوا تھا، اس کے زیر اثر ہی شہر میں بارش ہو رہی ہے، یہ سلسلہ کل تک جاری رہ سکتا ہے، کل بھی کہیں تیز اور کہیں معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

بعد ازاں محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ج کے مطابق گڈاپ میں 13 اعشاریہ 6، حسن اسکوائر پر 7 اور جناح ٹرمینل پر 6 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ فیصل بیس پر 6، سرجانی میں 2 اعشاریہ 4 اور ملیر میں 3 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہر میں آج شام اور رات میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا تھا۔