کھیل

ویمنز ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

ہمارا مقصد مثبت اور بے خوف کرکٹ کھیلنا ہے، اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے کیمپ میں بہت محنت کی ہے، ندا ڈار

ویمنز ایشیا کپ میں آج پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ سری لنکا کے دمبولا اسٹیڈیم میں ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹی20 فارمیٹ میں کھیلے جانے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پہلے دن دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ دن ڈیڑھ بجے نیپال اور یو اے ای کے درمیان ہوگا، دوسرا مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، میچ کے لیے قومی ٹیم نے دمبولا میں بھرپور پریکٹس کی۔

ندا ڈار کی قیادت والی پاکستان گروپ اے میں شامل ہے جس میں بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارت کی ٹیم شامل ہے جب کہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، ملائیشیا، سری لنکا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔

پاکستان کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتنے کے امکانات بہت کم ہیں، قومی ویمنز ٹیم نے آخری 14 میچوں میں، جن میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 دونوں شامل ہیں، صرف ایک بار فتح حاصل کی۔

گزشتہ روز ایک بیان میں ندا ڈار نے کہا کہ اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے کیمپ میں بہت محنت کی ہے اور ٹیم کی تمام کمزوریوں پر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد مثبت اور بے خوف کرکٹ کھیلنا ہے، اور ہم حالات کے مطابق اچھی کرکٹ کھیلنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

پاکستان اسکواڈ:

ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن۔

پاکستان کے میچز:

19 جولائی: پاکستان بمقابلہ انڈیا (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے)

21 جولائی: پاکستان بمقابلہ نیپال (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے)

23 جولائی: پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات (پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے)