سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا، پی ٹی آئی کو وہ دیا گیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا، ملک جب بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف شروع ہوجاتی ہے، اگر کسی نے سیاسی عدم استحکام لانے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ایک بار جب ہوجاتی ہے تو اسے واپس لانا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو عام لوگوں کے لیے کھانے پینے کی چیزوں میں کمی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں سنا کہ 25، 30 روپے کی روٹی 12 یا 14 روپے پر آجائے، آج میرے والد نواز شریف روز مجھے یہ ہدایت کرتے ہیں کہ آپ نے آٹے کی قیمت بڑھنے نہیں دینی ، کیوں کہ غریب اور کچھ کھائے یا نہیں، وہ روٹی ضرور کھاتا ہے، چاہے وہ کسی بھی چیز کے ساتھ کھائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں ضروری کمی ہوئی ہے اور شہباز شریف کو چند مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں تو اس کی چند وجوہات ہیں، پچھلے 4،5 سالوں میں ملک کی معیشت کے ساتھ جو ہوا ہے، جہاں پر یہ لوگ آگئے تھے، جو کہتے تھے کہ ہم آلو، ٹماٹر، پیاز کی قیمت معلوم کرنے نہیں آئے ہیں، آج انہیں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کو ان حالات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، 2013 سے 2018 تک جو ترقی ہوئی تھی ہمیں اس کے مقابلے میں تنزلی کی جانب جاتا ہوا پاکستان ملا تھا، لیکن اللہ کا شکر ہے نہ صرف معیشت بہتر ہوئی ہے بلکہ مہنگائی میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کچھ مشکل فیصلے ضرور کرنے پڑے ہیں اور جب عوام پر ٹیکس لگتا ہے تو ہمیں زیادہ تکلیف ہوتی ہے، لیکن ہم سے جو کچھ ہوسکے گا ، وہ ہم کریں گے۔
’ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ لانے جارہے ہیں‘
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ پنجاب میں لارہے ہیں، جو 0 سے 200 یونٹ تک کے صارفین کو پہلے بھی بجلی سبسڈائز قیمت پر مل رہی ہے، ان کو سولر دینے لگے ہیں اور 200 سے 500 یونٹ تک والے صارفین کو پورا سولر سسٹم دیں گے جس سے ان کی بجلی کے بلوں میں 50 فیصد کمی ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ جب ملک بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے، جب ملک میں عوام کی زندگی میں بہتری آتی ہے، ترقیاتی کام ہونے لگتے ہیں، مہنگائی کم ہونے لگتی ہے تو کسی نہ کسی کو اس کی تکلیف شروع ہوجاتی ہے، پتہ نہیں اس ملک کو کس کی نظر لگ جاتی ہے، چند افراد کا ایک ٹولہ بیٹھ کر ایسے فیصلے کردیتا ہے جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ 82 ہزار تک پہنچی اور مارکیٹ میں بلاوجہ تیزی نہیں آتی، اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ لوگوں کو حکومت پر اعتماد ہوتا ہے کہ یہ حکومت کچھ ایسے فیصلے کررہی ہے جس سے معیشت میں اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آرہی ہے۔
’آئی ایم ایف کو واپس لانے والا اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے‘
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو 3 حکومتیں ملی اور تینوں حکومتوں میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے، جس کی گواہی دنیا نے دی، اور ایک شخص ایسا ہے جس کو 4 سال حکومت ملی لیکن اس نے ملک کی وہ تباہی کی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، 4 سال میں ترقی کرتے ہوئے ملک کو نیچے لانے کے لیے بھی بہت بڑی نااہلی کی ضرورت ہے اور وہ اس سے بھی زیادہ نااہل تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ہمارے ملکی معیشت کے حالات ہیں، عوام پر جو تکالیف ہیں، وہ اسی 4 سال کا نتیجہ ہیں، آئی ایم ایف کو تو نواز شریف نے خدا حافظ کردیا تھا، آئی ایم ایف کو واپس لانا والا وہی ہے جو آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جہاں پنجاب شروع ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا شروع ہوتا ہے، وہاں ترقی ختم ہوتی ہے اور تنزلی شروع ہوتی ہے، ان لوگوں نے 11 سالوں میں خیبرپختونخوا کو جو حال کردیا ہے وہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، انہوں نے اس دوران ایک سڑک بھی نہیں بنائی۔
انہوں نے کہا کہ میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ اگر اس طرح کا کوئی بھی فیصلہ ہو تو وہ اپنی آنکھیں اور کان کھلیں رکھیں اور اپنے دوست اور دشمن کو پہنچائیں، بہت ہوگیا 76 سالوں سے ہم انہیں چیزوں میں الجھے ہوئے ہیں، اب نہ برداشت ہوگا اور نہ برداشت کرنا چاہیے۔
’ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو معصوم اور بے گناہ بناکر پیش کیا جارہا ہے‘
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایک جماعت کا کام فتنہ اور انتشار پھیلانا ہے، لڑائی جھگڑا کرنا ہے، گالی گلوچ کرنا ہے، پتہ نہیں وہ کہاں سے لانچ ہوئے ہیں، اور کہاں سے انہیں پیسہ آتا ہے، وہ کبھی ملک کے لیے بات نہیں کریں گے، ہمیشہ گالم گلوچ کریں گے اور آج انہیں معصوم اور بے گناہ بناکر پیش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے اگر کوئی دوسری خاتون بے گناہ جیل میں جاتی ہے تو مجھے بھی افسوس ہوتا ہے، کیوں کہ میں بے گناہ جیل بھگت کر آئی ہوں لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک عورت نے اس ملک کی تنصیبات پر حملہ کیا ہے، آگ لگائی ہے، انتشار پھیلایا ہے اور آپ کہیں کہ وہ معصوم ہے اور پچھلے 2 سالوں سے جیل میں بند ہے، آپ کے جرم تو پوری قوم نے ٹی وی پر دیکھے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ان لوگوں کو جب موقع ملا، ان لوگوں نے آگ اور خون کا کھیل کھیلا، میں تو بولوں گی کیوں کہ یہ میرا ملک ہے اور مجھے تکلیف ہوتی ہے، آپ سب کو بھی اس پر بولنا چاہیے، اس ملک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔