کراچی میں گزشتہ دو روز میں شدید گرمی سے جاں بحق 32 افراد کی لاشیں برآمد
گزشتہ دو روز کے دوران ایدھی فاؤنڈیشن کو 10 جبکہ چھیپا فاؤنڈیشن کو شہر کے مختلف علاقوں سے 22 افراد کی لاشیں ملیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں سے بدھ اور جمعرات کو شدید گرمی کے سبب جاں بحق ہونے والے کم از کم 32 لاشیں ملیں۔
ریسکیو سروسز کے مطابق مرنے والے زیادہ تر افراد نشے کے عادی تھے جن کی لاشیں سڑک کنارے فٹ پاتھ، کھیل کے میدانوں اور کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہوئیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں شہر کے مختلف علاقوں سے بدھ کو چار اور جمعرات کو مزید چھ افراد کی لاشیں ملیں۔
چھیپا کے ترجمان شاہد حسین نے بتایا کہ ہماری ایمبولینسوں کو بدھ کو 13 اور جمعرات کو مزید نو لاشیں موصول ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب افراد نشے کے عادی لگتے ہیں جن کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔