پاکستان

عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اپوزیشن لیڈر نے تحریک استحقاق جمع کرادی

4 جولائی کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئے، گیٹ پر ساڑھے 4 گھنٹے انتظار کرتے رہے لیکن ملاقات نہیں کروائی گئی، تحریک استحقاق کا متن

4 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ کرنے دینے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر کو تحریک استحقاق جمع کرادی۔

تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ 4 جولائی کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل راولپنڈی گئے، سینیڑ شبلی فراز، جنیداکبر، شاندانہ گلزار اور شہریار آفریدی سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے، اڈیالہ جیل کےگیٹ پر ساڑھے 4 گھنٹے انتظار کرتے رہے لیکن ملاقات نہیں کروائی گئی۔

اس میں کہا گیا کہ ہوم سیکریٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل جیلز پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز پنجاب پولیس، استحاق مجروح کرنے والوں میں شامل ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت دیگر بھی استحقاق مجروح کرنے میں ملوث رہے۔

تحریک استحقاق میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام افسران سے پوچھا جائے کہ قومی اسمبلی کے ممبران کا استحقاق کیوں پامال کیا گیا اور ان کے خلاف قواعد کے مطابق سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔