پاکستان

بہترین قیادت کی وجہ سے یوم عاشور پرامن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا، وزیراعظم

وزیراعظم نے یوم عاشور پر بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزرائے اعلیٰ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور پر بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزرائے اعلیٰ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں یوم عاشور پر بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر چاروں صوبے کے وزرائے اعلیٰ، افواجِ پاکستان، مقامی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے یومِ عاشور پر ملکی حالات پُر امن رہے، ملک بھر میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس و جلسے جلوس کا انعقاد ہوا، اس دوران انتظامیہ، پولیس، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پر مامور رہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بہترین قیادت کی وجہ سے ملک بھر میں یوم عاشور پرامن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔