اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 684 پوائنٹس بڑھ گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا، آج بھی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 684 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 684 پوائنٹس یا 0.84 فیصد اضافے کے بعد 81 ہزار 839 پر پہنچ گیا، جو آخری کاروباری روز 81 ہزار 155 پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 15 جولائی کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1211 پوائنٹس اضافے کے بعد 81 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو رضا جعفری نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہونے پر مثبت ردعمل دیکھا جا رہا ہے کیونکہ یہ کلی معاشی استحکام اور اصلاحات کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بھی انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے میں مدد ملی۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا، جس کی مالیت 7 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس کا دورانیہ 37 ماہ ہوگا۔
اس سے قبل 3 جولائی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 680 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی باز 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
20 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس اضافے کے بعد 78 ہزار 801 کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے اگلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 1199 پوائنٹس اضافے کے بعد 80 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہ سکا تھا اور انڈیکس محض 9 پوائنٹس اضافے سے 78 ہزار 810 پر بند ہوا تھا۔
اس سے قبل 12 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے بعد 14 جون کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 77 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا۔
24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔
10 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔