دنیا

سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر کو فون، انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد

دونوں رہنماؤں کی جانب سے ٹیلی فونگ گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ایس پی اے

سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطے میں انہیں صدارتی انتخاب جیتنے پر مبارک باد دی۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے ٹیلی فونگ گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر نے ولی عہد کی جانب سے مبارک باد پیش کیے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ 5 جولائی کو اصلاح پسند مسعود پزشکیان ایران کے صدارتی انتخاب جیت گئے تھے، انہوں نے صدارتی انتخاب میں ایک کروڑ 63 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے، ان کے مدمقابل قدامت پسند سعید جلیلی ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ لے سکے تھے۔

انتخاب کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کر سکا تھا، جس کے بعد رن آف الیکشن میں مسعود پزشکیان اور سعید جلیلی کے درمیان مقابلہ ہوا۔