پاکستان

کراچی: ملیر میمن گوٹھ میں 5 بچے مین ہول میں گرگئے، 2 جاں بحق، 3 زخمی

تینوں بچوں کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق بچوں کی شناخت حسنین اور طلحہ کے نام سے ہوئی۔

ملک کے سب سے بڑے شہر، سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع ملیر میں 5 بچے مین ہول میں گرگئے جن میں سے 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

کراچی پولیس نے کہا کہ مین ہول میں 5 بچوں کے گرنے کا افسوسناک حادثہ ضلع ملیر کے علاقے میمن گوٹھ کے کھوسو محلے میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ مین ہول میں گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جب کہ 3 کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ تینوں بچوں کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق بچوں کی شناخت 4 سالہ حسنین اور 10 سالہ طلحہ کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ زخمی 3 بچوں میں ثاقب اور پرویر شامل ہیں جب کہ ایک بچے کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔