پاکستان

کوہاٹ: درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 3 مزدور جاں بحق، 4 زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے شہریوں کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، حکام

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کوئلے کی کان میں ہونے والے دھماکے میں 3 مزدور جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو حکام جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔

حکام نے کہا کہ دھماکا ضلع کوہاٹ کے درہ آدم خیل کے علاقے میں ہوا، دھماکے میں 3 مزدور جاں بحق ہوئے جب کہ 4 کان کن زخمی بھی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اور جاں بحق افراد کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے شہریوں کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے۔