پاکستان

بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں ریمانڈ کی منظوری کا تحریری حکم جاری

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کے جناح ہاؤس اور دیگر گیارہ مقدمات میں ریمانڈ کی منظوری کا تحریری حکم جاری کردیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کے جناح ہاؤس اور دیگر گیارہ مقدمات میں ریمانڈ کی منظوری کا تحریری حکم جاری کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ نو مئی کے سارے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے نہیں لائی گئیں۔

حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جب ان پر فائرنگ ہوئی تو وہ آرمی آفیشل کے خلاف ایف آئی آر کرانا چاہتے تھے لیکن ان کی نہیں سنی گئی۔

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جب انہوں نے کچھ کیا ہی نہیں تو وہ معافی کیوں مانگیں۔

حکمنامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی درخواستوں کی مخالفت کی جہاں ملزم پر جدید ڈیوائسز کے ذریعے مجرمانہ سازش پھیلانے کا الزام ہے۔

عدالتی تحریری حکم میں کہا گیا کہ انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کے عمل میں خلل نہیں ہونا چاہیے۔

عدالت نے مزید کہا کہ ملزم کو 25 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔