نریندر مودی ایکس پر 100 ملین فالوورز رکھنے والے دنیا کے دوسرے سیاستدان بن گئے
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 100 ملین فالوورز رکھنے والے پہلے وزیراعظم اور دنیا کے دوسرے سیاستدان بن گئے ہیں۔
سوشل میڈیا کی مائیکربلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے لکھا ’ایکس پر 100 ملین‘۔
بھارتی وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سوشل میڈیا کے اس متحرک میڈیم پر لوگوں کے ساتھ بات چیت، بحث ومباحثہ اور تعمیری تنقید پر خوشی محسوس ہوتی ہے، مستقبل میں بھی اس پلیٹ فارم سے لوگوں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے منتظر ہوں۔
یاد رہے کہ بھارت دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے جس کی آبادی 1.4 ارب سے زیادہ ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ لیڈرز کی فہرست میں بھارتی وزیر اعظم دنیا میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پہلے حکمران ہیں، جب کہ ان کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کا نمبر آتا ہے جو 38.1 ملین فالوورز کے ساتھ اس پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔
گزشتہ ماہ عام انتخابات کے نتائج کے بعد مسلسل تیسری بار وزارت عظمیٰ کا دفتر سنبھالنے والے نریندر مودی سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں، وہ انگریزی اور ہندی میں اندرون و بیرون ملک ہونے والے واقعات ردعمل کا اظہار کرتے ہیں۔
فوربز انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ’ایکس‘ کے بانی اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والی شخصیت ہیں، جن کی فالوورز کی تعداد 189.7 ملین ہے۔
اس فہرست میں سابق امریکی صدر باراک اوباما 131.7 ملین کے ساتھ دوسرے، عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 112.1 ملین کے ساتھ تیسرے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر 110.5 ملین کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
امریکی ٹی وی اسٹار اور گلوکارہ ریحانہ 108.1 ملین کے ساتھ پانچویں ، ایک اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری 106.3 ملین کے ساتھ چھٹے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 100 ملین کے ساتھ ساتویں، امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ 95.3 ملین کے ساتھ آٹھویں، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 87.5 ملین کے ساتھ نویں اور امریکن سنگر لیڈی گاگا 83.1 ملین کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔