دنیا

مغربی امریکا: ہیٹ ویو کے دوران ہائیکنگ کرتے ہوئے باپ، بیٹی ہلاک

52 سالہ شخص اور ان کی 23 سالہ بیٹی، جمعے کو کینین لینڈز نیشنل پارک میں پانی کی قلت کے باعث انتقال کرگئے، باپ اور بیٹی ہائیکنگ کرتے ہوئے کھو گئے تھے۔

امریکی نیشنل پارک سروس کے حکام نے بتایا کہ مغربی امریکی ریاست یوٹاہ میں ہائیکنگ کرتے ہوئے باپ، بیٹی سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے دو افراد، ایک 52 سالہ شخص اور ان کی 23 سالہ بیٹی، جمعے کو کینین لینڈز نیشنل پارک میں پانی کی قلت کے باعث انتقال کرگئے، باپ اور بیٹی ہائیکنگ کرتے ہوئے کھو گئے تھے۔

اُس وقت امریکا میں درجہ حرارت 100 ڈگری فارن ہائیٹ (37.8 ڈگری سیلسیس) سے زیادہ تھا، ہنگامی طبی عملہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔

مقامی پولیس نے اطلاع دی کہ ہفتے کو بھی ایک 30 سالہ خاتون سنو کینین پارک میں مردہ حالت میں پائی گئی، انہوں نے عوام کو شدید گرمی میں ڈی ہائیڈریشن کے خطرات سے بھی خبردار کیا۔

پیر کو نیشنل ویدر سروس نے اطلاع دی ہے کہ 15 کروڑ لوگ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق، گرمی کی بار بار آنے والی لہریں آب و ہوا کی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہیں جو انسانوں کے جیواشم ایندھن کے استعمال کی وجہ سے ہورہی ہے۔