پاکستان

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 9.99 روپے کا بڑا اضافہ کردیا

اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 275 روپے 60 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6 روپے 18 پیسے بڑھائی گئی ہے۔

حکومت نے عوام کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے کا بڑا اضافہ کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 275 روپے 60 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6 روپے 18 پیسے بڑھائی ہے، اس طرح ڈیزل کی نئی قیمت 283 روپے 63 پیسے ہوگئی ہے۔

مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 85 پیسے اضافے کے بعد 183روپے 71 پیسے مقرر ہو گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 8 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے پیٹرول لیوی کی حد بھی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کردی ہے۔

یاد رہے کہ 30 جون کو وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر سے زائد اضافے کا اعلان کیا تھا۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 45 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 56 پیسےکا اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258.16 سے بڑھ کر 265.61 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

حکومت کا نئے مالی سال کے آغاز پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا اعلان

پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 8 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان

پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر کمی کا امکان