پاکستان

9 مئی سے متعلق کیس: یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کی ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے، گلبرگ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کی ضمانت منظور کی۔

9 مئی سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنماؤں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد، سمیت دیگر کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے اور گلبرگ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کی ضمانت منظور کی ہے۔

خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کو کور کمانڈر ہاؤس پر مبینہ حملے کے الزام میں دہشت گردی اور دیگر الزامات کے تحت سرور روڈ پولیس میں درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا۔