پاکستان

کراچی: 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

علم وذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع حسینہ ایرانیان پراختتام پذیر ہوگا۔

کراچی میں 10،9،8 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کو سیل کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا، جب کہ 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق حضرت امام حسین کے لشکر کے علمدار حضرت عباس کی شہادت کی مناسبت سے کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔

علم وذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع حسینہ ایرانیان پراختتام پذیر ہوگا، جلوس میں شامل عزادار شہدائے کربلا کی یاد میں ماتم کرتے ہوئے منزل مقصود پرپہنچیں گے۔

جلوس سے قبل نشتر پارک میں جاری مجلس میں کربلا کے شہدا کی لازوال قربانی اورفلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی جارہی ہے، جلوس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے ہیں، جب کہ راستے کنٹینر رکھ کر سیل کردیے گئے اور جلوس کے اطراف موبائل فون سگنلز بند کردیے گئے ہیں۔

دوسری جانب، کراچی میں 10،9،8 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کو سیل کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، کنٹینرز لگا کر بند کیے جانے والے راستوں میں ایم اے جناح روڈ، سولجربازار، صدر ریگل چوک، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، کھارادر، بولٹن مارکیٹ شامل ہیں۔

جلوس کے روٹس میں آنے والی تمام سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی، جب کہ بڑی عمارتوں پر شارپ شوٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔

پولیس نے تمام مارکیٹوں میں قائم دکانوں کو بم ڈسپوزل عملے اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے سرچنگ کے بعد سیل کردیا ہے، جب کہ جلوس کے راستوں میں اسکاؤٹس تعینات کیے جائیں گے جلوس میں شریک عزاداران حسینؓ سینہ کوبی کریں گے اور بتول پاک کو شہدائے کربلا کا پرسا پیش کریں گے، جلوس میں علم و تبرکات بھی ہوں گے، شرکا راستے بھر نوحے پڑھیں گے۔

ترجمان پولیس کے مطابق پلان کے تحت 10،9،8کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی پر مجموعی طور پر 17 ہزار 947 پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے، مجالس پر 4 ہزار 392 ، جلوسوں پر 11 ہزار 668 جب کہ انتہائی حساس مقامات اور امام بارگاہوں پر ایک ہزار 927 افسران و جوان سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ٹریفک پولیس کے 987 افسران و اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ سیکیورٹی سے متعلق اداروں کے افسران و اہلکار بھی شامل ہوں گے جوکہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔

دوسری جانب، لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارحسین موری دروازہ سے برآمد ہوا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ بیت الرضا پام سٹریٹ میں اختتام پذیر ہوگا۔

عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کرکے کربلا کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، جب کہ جلوس کے راستے پانی اور شربت کی سبیلوں کا انتظام کیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

محرم الحرم میں ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے کے لیے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران لاہور پہنچ گئے، کمشنر لاہور نے اجلاس میں افسران کو امن کمیٹیوں، سیکیورٹی و میونسپل اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ محرم کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج و رینجرز کے جوان بھی کوئیک ریسپانس ڈیوٹی سرانجام دیں گے، اضلاع میں پاس افسران کو اے سی سطح پر منسلک کیا جائیگاوہ فیلڈ میں کام کریں گے۔