پاکستان

شوکت یوسفزئی کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے حکام کو طلب کرلیا

شوکت یوسفزئی نے ایف آئی اے کی جانب سے بیرون ملک جانے سے روکنے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کررکھی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کو پشاور آیئرپورٹ پر آف لوڈ کرنے پر ایف آئی اے کے حکام طلب کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کو پشاور ایئرپورٹ پر آف لوڈ کرنے کے معاملے پر کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس سید عتیق شاہ اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت سابق صوبائی وزیر کے وکیل سکندر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ شوکت علی یوسفزئی مانچسٹر لندن جارہے تھے کہ ان کو آف لوڈ کیا گیا، شوکت علی یوسف زئی کا ویزہ ایکسپائر ہونے والا ہے ۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شوکتِ علی یوسفزئی کو ایک بار باچا خان ایئر پورٹ پر روکا گیا تھا، شوکت یوسف زئی کے پاس 5 سال کا ویزہ ہے۔

یاد رہے کہ شوکت یوسفزئی نے ایف آئی اے کی جانب سے بیرون ملک جانے سے روکنے کے خلاف سینئر قانون دان سید سکندر شاہ کے وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی۔

پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے متعلقہ افسران (ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور، ڈائریکٹر امیگریشن پشاور) کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔