پاکستان

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں حملے کی بزدلانہ کوشش ناکام بنادی

صبح 4 بج کر 40 پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کینٹ میں داخلے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے، ذرائع

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں حملے کی بزدلانہ کوشش ناکام بنادی۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ صبح 4 بج کر 40 منٹ پر دہشت گردوں نے گاڑی بردار آئی ای ڈی دھماکے سے بنوں کینٹ کی باہر والی دیوار اور سپلائی ڈپو کے درمیان روڈ پر دھماکا کر کے کینٹ میں داخلے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی سے دہشت گردوں کو ایک کونے میں محصور کر دیا گیا، سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ یکم جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ چوکی پر دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے رات کی تاریکی میں حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں مشترکہ ناکہ بندی پرموجود ایک پولیس اور ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔

ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی نے بتایا کہ پولیس نے جوان مردی اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملے کو پسپا کر دیا، دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرا ہوگئے۔

مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا پولیس نے بھاری ہتھیاروں سے جوابی فائرنگ کرکے دیا اور انہیں فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔