پاکستان

اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتا ہوں، شیخ رشید

حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہے، حکومت بجلی کے نرخ بڑھانے جا رہی ہے، آپ اس ملک میں چھینا جھپٹی چاہتے ہیں، سابق وفاقی وزیر

سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی دینے کی اپیل کردی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے بطور وزیر 5 سال معافی دی، مجھ پر 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو 10سال ختم نہیں ہوگی، بہتر تھا کہ ہماری 2 ,2 سال جو سزا بنتی ہے وہ دے دیتے تو ہم کاٹ لیتے۔

پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی رہائی کے فوری بات گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے صنم جاوید کو وکیل کے چیمبر سے اٹھایا ہے، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا بھی ستایاناس کردیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہے، حکومت بجلی کے نرخ بڑھانے جا رہی ہے، آپ اس ملک میں چھینا جھپٹی چاہتے ہیں ، آپ حالات اتنے خراب کر دیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے۔

سابق وزیر نے تنبیہ دی کہ پاکستان کینیا کی طرف جا رہا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستاں میں کیا حالات ہیں؟ ملک میں لوگ اس حکومت پر لعنت بھیجتے ہیں، خدا کے لیے یہ اپنی عزت اور ملک بچائیں، ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچالیں۔

شخ رشید نے بتایا کہ ملک کی معیشت ان سے نہیں سنبھل رہی، نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام ذلیل ہونے کے لیے رہ جائے گی، گرمی میں لوگ مر رہے ہیں مگر کسی کو احساس نہیں، 77لاکھ لوگوں نے ملک چھوڑنے کے لیے پاسپورٹ جمع کروا دیے ہیں۔

عمران خان کی دوبارہ گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سابق وزیر اعظم عمران خان کو کیسے چھوڑیں گے؟ روز کہتے ہیں وہ آرہا ہے لیکن وہ نہیں آرہا، یہاں قبر ایک اور مردے 3ہیں، نواز اور شہباز شریف کا بھی اب فیصلہ ہو گا، ایک مشرق دوسرا مغرب کو بھاگے گا، انہوں نے تو اپنے کیسز ختم کرائے ہیں۔

مخصوص نشستوں کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو سلام ہے، مخصوص نشستوں پر انہوں نے تاریخی فیصلہ کیا ہے، امید ہے کہ عدلیہ ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔