کھیل

فائنل میں انگلینڈ کو شکست، اسپین نے ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ اپنے نام کرلیا

فل ٹائم کی سیٹی بجتے ہی انگلینڈ کا اٹس کمنگ ہوم کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوا اور اسپین چار بار یورو کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بنی۔

جرمنی کے شہر برلن میں یورپیئن چیمپیئن شپ (یورو) 2024ء کے سنسنی خیز فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

شب 12 بجے دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو توقع کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا اور پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیمیں اسکور کرنے میں ناکام رہیں۔

دوسرے ہاف میں گویا اسپین میں روح پھونک دی گئی اور کھیل شروع ہوتے ہی انہوں نے اٹیک کیا اور دوسرا ہاف شروع ہونے کے 2 منٹ بعد ہی لامین یمال کے اسسٹ پر 21 سالہ نیکو ولیمیز نے جاندار شاٹ مار کر گول اسکور کیا اور اسپین کو 0-1 کی برتری حاصل ہوئی۔

پھر 73 منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے کول پالمر کے گول کی بدولت انگلینڈ نے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

اسپین مسلسل گول کرنے کی کوشش میں تھی اور 83ویں منٹ میں کپتان موراٹا کی جگہ متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے میکل اورزابل نے گول اسکور کرکے اسپین کو 1-2 کی برتری دلوائی جوکہ فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

فل ٹائم کی سیٹی بجتے ہی انگلینڈ کا ’اٹس کمنگ ہوم‘ کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوا اور کپتان ہیری کین ایک بار پھر کوئی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہے۔

اسپین نے چوتھی بار یوروکپ ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا، اس سے قبل وہ 1964ء، 2008ء اور 2012ء میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے جبکہ اس کے برعکس اگر انگلینڈ فائنل جیت جاتی تو یہ اس کا پہلا یوروکپ ٹائٹل ہوتا۔

اس سے قبل انگلینڈ 2020ء کے یورو فائنل میں بھی پہنچا تھا جہاں اسے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر اٹلی نے شکست دی تھی۔

ٹورنامنٹ کے بہترین کم عمر کھلاڑی کا ایوارڈ اسپین کے لامین یمال کو دیا گیا جوکہ فائنل سے ایک دن پہلے 17 سال کے ہوئے جس کے ساتھ ہی وہ کسی بھی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، اس سے قبل یہ اعزاز برازیل کے لیجنڈ پیلے کے پاس تھا جنہوں نے 1958ء میں 17 سال 262 دن کی عمر میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا تھا۔

ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی اسپین کے روڈری کو دیا گیا جبکہ میچ کے بعد میڈیلز کی تقسیم کی تقریب میں برطانیہ کے شہزادہ ولیم نے بھی شرکت کی اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔

کوپا امریکا 2024: شکست کے بعد یوروگوئے کے کھلاڑی اسٹیڈیم میں شائقین سے لڑ پڑے

انگلینڈ مسلسل دوسری بار یورو کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

کوپا امریکا 2024ء: دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی