ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا حملہ آور کون تھا؟
فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن (ایف بی آئی) نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی مہم کے دوران انہیں قتل کرنے کی کوشش کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے نام سے کی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مشتبہ شخص نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر کے دوران ان پر فائرنگ کردی تھی جبکہ جوابی کارروائی کرتے ہوئے سیکریٹ سروس ایجنٹس نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
ایف بی آئی نے کہا کہ وہ حملے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، اس حملے کے نتیجے میں ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے تھے، سابق امریکی صدر کے کان پر بھی گولی لگی تھی۔
ریاستی ووٹر کے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ تھامس میتھیو کروکس ایک رجسٹرڈ ریپبلکن تھا، 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں وہ پہلی بار ووٹ ڈالنے کا اہل ہوتا۔
تھامس میتھیو کروکس شوٹنگ کے مقام بٹلر سے تقریباً ایک گھنٹے کے فاصلے پر رہتا تھا، فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے بیتھل پارک پر فضائی حدود کو خصوصی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا ہے۔
2021 کے وفاقی الیکشن کمیشن کی فائلنگ کے مطابق جب میتھیو کروکس 17 سال کا تھا تو اس نے ایکٹ بلیو کو 15 ڈالر کا عطیہ دیا تھا، یہ ایک سیاسی ایکشن کمیٹی ہے جو بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اور جمہوری سیاست دانوں کے لیے رقم اکٹھی کرتی ہے، یہ عطیہ پروگریسو ٹرن آؤٹ پروجیکٹ کے لیے مختص کیا گیا تھا، یہ وہ قومی گروپ ہے جو ڈیموکریٹس کو ووٹ دینے کے لیے ریلیاں نکالتا ہے۔
مشتبہ حملہ آور تھامس میتھیو کروکس کے 53 سالہ والد میتھیو کروکس نے سی این این کو بتایا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہوا ہے اور وہ اپنے بیٹے کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے پہلے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بات کریں۔
پٹسبرگ ٹریبیون ریویو کے مطابق تھامس کروکس نے 2022 میں بیتھل پارک ہائے اسکول سے گریجویشن کی، اخبار کے مطابق اس نے نیشنل میتھ اینڈ سائنس انیشیٹو سے 500ڈالر کا اسٹار ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے حکام نے کہا کہ شوٹنگ کے مقام پر تھامس کروکس کے پاس کوئی شناختی پہچان نہیں تھی اور اسے دوسرے طریقوں سے شناخت کیا گیا۔
ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ انچارج کیون روزیک نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم ابھی تصاویر دیکھ رہے ہیں، اس کا ڈی این اے کر وارہے ہیں، اس کے ساتھ ہم بائیو میٹرک تصدیق حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔