پاکستان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےایڈیشنل چیف سیکریٹری کو چیف سیکریٹری کا اضافی چارج دے دیا

محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے عابد مجید کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی تعیناتی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو چیف سیکریٹری کا اضافی چارج دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے عابد مجید کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی تعیناتی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری ہوم عابد مجید سوئٹرزلینڈ میں پولیو کے خلاف بین الاقوامی کانفرنس میں چیف سیکریٹری کی حیثیت شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے چیف سیکرٹری کی تقرری پر خیبر پختونخوا حکومت اور وفاق کا تنازعہ چل رہا ہے، جس کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو چیف سیکرٹری کا ایڈیشنل چارج دیدیا۔

اس سے قبل، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری کو عہدے سے ہٹانے کے لیے وفاقی حکومت کو خط ارسال کیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو لکھے گئے اپنے خط میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کو عہدے سے ہٹانے اور شہاب علی شاہ کو چیف سیکریٹری خیبرپختو نخوا لگانے کی سفارش کی تھی۔

اپنے خط میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے لکھا کہ ندیم اسلم کی بطور چیف سیکریٹری خدمات واپس لی جائیں۔