پاکستان

سندھ میں میٹرک، انٹر کے امتحانات پورے ملک کے ساتھ بیک وقت لینے کا فیصلہ

ہم نے سندھ کے وزیر تعلیم کو ان بورڈ لے لیا ہے، آئندہ برس سے پورے سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ سے بتدریج شروع ہو جائیں گے، وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز

وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ کے وزیر تعلیم کو ان بورڈ لے لیا ہے اور آئندہ برس سے پورے سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پورے ملک کے ساتھ بیک وقت لیں گے۔

انٹر بورڈ کراچی میں اسٹوڈنٹ فیسیلی ٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ سے پوچھا گیا کہ سندھ میں بدترین گرمی میں امتحانات کیوں کروائے جاتے ہیں۔

اس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے بات کر کے آئے ہیں، آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ برس سے پورے سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ سے بتدریج شروع ہو جائیں گے، ہم پورے ملک کے ساتھ بیک وقت امتحانات لیں گے۔