کمشنر کراچی کا شہر میں قائم انٹرسٹی بس کے غیرقانونی اڈے ختم کرنے کا اعلان
شہر میں قائم غیرقانونی بس اڈوں کو ختم کیا جائے گا، انٹر سٹی بسوں کو نجی شعبہ میں قائم سپر ہائی وے بس ٹرمینل پر منتقل کیا جائے گا، سید حسن نقوی
کمشنر کراچی نے شہر میں قائم انٹر سٹی بس کے غیر قانونی اڈوں کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ سپر ہائی وے بس ٹرمنل کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہر کے اندر قائم غیر قانونی بس اڈوں کو ختم کیا جائے گا اور اندرون شہر سے چلنے والی انٹر سٹی بسوں کو نجی شعبہ میں قائم سپر ہائی وے بس ٹرمینل پر منتقل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کمپنی نے ٹرمینل کے توسیعی منصوبہ پر کام شروع کر دیا ہے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے مختلف علاقوں سے بس ٹرمینل پہنچنے کے لیے شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔