کراچی میں آج بھی شام کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان
کراچی میں آج بھی شام کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، شہر میں تیز بارش کا اسپیل 20 جولائی سے شروع ہوگا، جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم مون سون کا اگلا اسپیل 20 جولائی کے بعد شروع ہوگا جس میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، گرمی کی شدت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا 14ویں نمبر
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر قائد کا فضائی معیار بہتر ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا، جب کہ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 14ویں نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 85 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات کی سندھ میں رواں سال معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کردی، اگست کے مہینے میں جولائی سے زیادہ برسات ہوگی۔
اس حوالے سے صوبائی افسران نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بندوں کا معائنہ کرنے کا حکم دیا، جب کہ مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، اور تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کاکہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا یہ سپیل 15 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانولہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہاکہ بڑے شہروں کی انتظامیہ پیشگی انتظامات مکمل کرے۔
ان کاکہنا تھاکہ شہری دریاؤں ندی نالوں کی غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں اوربجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔