پاکستان

دوران پرواز خاتون مسافر کا انتقال، غیر ملکی طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

مسافر خاتون دوران پرواز حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں، ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا۔

غیر ملکی ایئرلائن کی کولمبو جانے والی پرواز کو اچانک خاتون مسافر کی طبعیت خراب ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، تاہم خاتون مسافر دوران پرواز ہی انتقال کرگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 569 دبئی سے کولمبو جارہی تھی کہ دوران پرواز ایک خاتون مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی طیارے کی لینڈنگ کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم نے سری لنکن خاتون کا معائنہ کیا تو اس وقت تک وہ انتقال کر چکی تھیں، ڈاکٹرز کے مطانق مسافر خاتون دوران پرواز ہی حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں۔

ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس کے بعد غیر ملکی ایئرلائن خاتون مسافر کی میت کو لے کر کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو روانہ ہوگئی۔