پاکستان

وزیرخزانہ کی پاکستان سنگل ونڈو کو کاروباری سرگرمیاں آسان بنانے کیلئے اپنی رسائی مضبوط بنانے کی ہدایت

ایک اجلاس میں ادارے کے سی ای او نے پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کے نفاذ اور گورننگ کونسل کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا جامع جائزہ پیش کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی رسائی ملک بھر میں مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان سنگل ونڈو کی گورننگ کونسل کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں گورننگ کونسل کے سیکریٹری نے وزیر خزانہ کو گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ادارے کے سی ای او نے پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کے نفاذ اور گورننگ کونسل کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا جامع جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے جاری منصوبوں کی تفصیلات، کارکردگی کے معیارات، اور عمل درآمد میں درپیش چیلنجز کا ذکر کیا اور اس ضمن میں ضروری اقدامات کی درخواست کی۔

پاکستان سنگل ونڈو کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے انہیں نظام پر عمل درآمد کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے صوبوں سمیت تمام شراکت داروں کی شمولیت کو یقینی بنانے اور نظام کی حفاظت کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان سنگل ونڈو پروگرام کے تحت شروع کردہ اصلاحات کے لیے حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان سنگل ونڈو کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی رسائی ملک بھر میں مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔