پاکستان

صدر نے لاہور و سندھ ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

صدر آصف علی زرداری نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

صدر نے تعیناتیوں کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 (اے) (13) کے تحت دی ہے۔

جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے طور پر کل بروز جمعرات صبح ساڑھے 9 بجے گورنر ہاؤس لاہور میں حلف لیں گی۔

یاد رہے کہ 2 جولائی کو سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس محمد شفیع کو سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی تھی۔