پاکستان

ایکنک ایم ایل ون کے پہلے مرحلے میں 1.2 ارب ڈالر کی منظوری دے گا

ہم نے پہلے ہی منصوبے کے فیز 1 کا پی سی 1 ایکنک کو جمع کرا دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کونسل منگل کو ہونے والے اپنے اجلاس میں اس کی منظوری دے گی، سی ای او پاکستان ریلوے

اقتصادی کونسل (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی ممکنہ طور پر منگل کو مین لائن-1 (ایم ایل-1) کے فیز 1 کے لیے 1.2 ارب ڈالر پی سی 1 کی منظوری دے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز (پی آر) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حصے کے طور پر اپنے فلیگ شپ پروجیکٹ کو تین مرحلوں میں تیار اور حتمی شکل دے رہا ہے۔

پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو افسر امیر علی بلوچ نے پیر کو ڈان کو بتایا کہ ہم نے پہلے ہی منصوبے کے فیز 1 کا پی سی 1 ایکنک کو جمع کرا دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کونسل منگل کو ہونے والے اپنے اجلاس میں اس کی منظوری دے گی۔

ان کے مطابق اس سے قبل اس منصوبے کے تین مرحلوں کے لیے ایک پی سی 1 تھا لیکن بعد میں، حکومت نے سی پیک کے تحت چین کی طرف سے مرحلہ وار فنانسنگ پر غور کرتے ہوئے ریلوے سے اسے تین مراحل میں تقسیم کرنے کو کہا۔

انہوں نے کہا کہ ان دنوں پی سی 2 اور پی سی 3 کے لیے الگ الگ پی سی 1 بنانے کا کام جاری ہے تاہم، فیز 4 کے لیے پی سی 1 بعد میں بنایا جائے اور اسے بعد کے مرحلے میں لیا جائے گا۔

ایم ایل ون منصوبے کو روکنے کے بارے میں میڈیا رپورٹس کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے، امیر علی بلوچ نے کہا کہ یہ منصوبہ موجود ہے اور چین مرحلہ وار سی پیک کے تحت اس کی مالی اعانت کے لیے تیار ہے۔