دنیا

مقبوضہ کشمیر: کٹھوعہ میں بھارتی فوج پر حملہ، 4 اہلکار ہلاک، 6 زخمی

ضلع کے علاقے بلاور میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک پہاڑی سے بھارتی فوج کی گاڑی پر گولیوں اور دستی بموں سے حملہ کیا، کشمیر میڈیا سروس

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں نامعلوم افراد کے حملے میں کم سے کم 4 بھارتی فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ضلع کے علاقے بلاور میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک پہاڑی سے بھارتی فوج کی گاڑی پر گولیوں اور دستی بموں سے حملہ کیا۔

حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حملے کے بعد بھارتی فوجیوں نے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی اور محاصرے کی بڑی کارروائی شروع کی ہے جبکہ مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق یہ حملہ اتوار کے روز شروع ہونے والی پرتشدد جھڑپ کا تازہ ترین واقعہ ہے، جب پولیس نے کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دو واقعات میں ضلع کلگام میں 2 بھارتی فوجی اور 6 مشتبہ حریت پسند مارے گئے۔

اس سے قبل حریت پسندوں نے راجوری ضلع میں ایک فوجی کیمپ پر فائرنگ کی تھی جس میں ایک فوجی زخمی ہوا تھا۔

واضح رہے کہ کشمیر کا ہمالیائی خطہ 1947 سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم ہے اور دونوں ایٹمی ہتھیاروں سے لیس پڑوسی کشمیر پر تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔