شاہ رخ خان کا ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کا کردار میرے کردار کی کاپی ہے، توقیر ناصر کا دعویٰ
سینیئر اداکار توقیر ناصر نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کا ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کا کردار ان کے ڈرامے کے کردار کی کاپی ہے۔
توقیر ناصر نے حال ہی میں نیو ٹی وی کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر بات کرتے ہوئے کئی حیران کن دعوے بھی کردیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ بولی وڈ کے 1990 کی دہائی کے تقریبا تمام بڑے اداکاروں سے ان کی دعا سلام ہے لیکن شاہ رخ خان سے ان کی زیادہ دوستی ہے۔
ان کے مطابق شاہ رخ خان نے انہیں مختلف طریقوں سے سلام بھجواتے رہتے ہیں، وہ بھی بدلے میں انہیں سلام اور شکریہ بھجواتے ہیں۔
اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان نے تو ان کے کردار پر فلم بھی کر رکھی ہے جو انہیں اچھی لگی اور انہوں نے ان کے کردار کو سراہا۔
توقیر ناصر نے دعویٰ کیا کہ ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں شاہ رخ خان کا کردار ان کے ماضی کے مقبول ڈرامے ’پرواز‘ کے کردار کی کاپی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جس طرح ڈرامے میں ان کا کمپلیکس کردار تھا اور وہ بھی ٹانگ سے لنگڑاتے تھے، اسی طرح شاہ خان نے بھی فلم میں یہی کردار ادا کیا اور وہ بھی ٹانگ لنگڑاتے دکھائی دیے۔
ان کے مطابق ڈرامے میں ان کا کردار دو خواتین کی محبت کے گرد گھومتا ہے جب کہ ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں شاہ رخ خان کو بھی شادی شدہ ہوکر دوسری شادی شدہ خاتون سے عشق لڑاتے دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں شاہ رخ خان کا کردار ہوبہو ان کے ڈرامے کے کردار جیسا ہے اور انہیں فلم دیکھ کر اچھا لگا لیکن انہیں افسوس ہے کہ فلم کی ٹیم اور شاہ رخ خان نے انہیں کریڈٹ نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا ڈراما مستنصر حسین تارڑ نے لکھا تھا، انہیں فلم کے ہدایت کار کرن جوہر کو کریڈٹ دینا چاہیے تھا لیکن افسوس انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
توقیر ناصر کے مطابق آخری بار شاہ رخ خان نے ٹی وی میزبان و اداکارہ صنم جنگ کو سلام کہے تھے اور انہوں نے آکر بولی وڈ اداکار کا پیغام دیا، ٹی وی میزبان و شاہ رخ خان کی دبئی میں ملاقات ہوئی تھی۔