پاکستان

گھریلوصارفین کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 69 روپے 27 پیسے تک ہونے کا انکشاف

پاور ڈویژن نےجولائی 2024 سے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کےساتھ مختلف سلیب کےحساب سے بجلی ٹیرف کی تفصیلات جاری کردیں۔

پاور ڈویژن نےجولائی 2024 سے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کےساتھ مختلف سلیب کےحساب سے بجلی ٹیرف کی تفصیلات جاری کردیں جن کے مطابق ٹیکسز کے ساتھ گھریلوصارفین کا فی یونٹ زیادہ سے زیادہ ٹیرف 69 روپے 27 پیسے تک بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاورڈویژن کی دستاویز کے مطابق نان پرویکٹڈ گھریلوصارفین کے لیے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کے ساتھ ماہانہ ایک سے 100یونٹ تک استعمال پر ٹیرف 37روپے 38 پیسے، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 45روپے 15 پیسے، ماہانہ201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف 50 روپے17 پیسے ہوگا۔

دستاویز کے مطابق ماہانہ301 سے 400 یونٹ تک کا ٹیرف 56 روپے 73 پیسے، ماہانہ401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 59 روپے 76 پیسے، ماہانہ501 سے 600 یونٹ تک کاٹیرف 61 روپے 71 پیسے، ماہانہ 601سے 700 یونٹ کا ٹیرف 63 روپے24 پیسے اور ٹیکسزکےساتھ ماہانہ700 یونٹ سے زیادہ کے استعمال پر ٹیرف 69روپے27 پیسےہوجائےگا۔

پاور ڈویژن کی دستاویز کےمطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کے ساتھ ایک سے100 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کا ٹیرف 19 روپے 75 پیسے اور ماہانہ101سے 200 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کا ٹیرف 22 روپے 71 پیسے ہوجائےگا۔

اس میں کہا گیا کہ ٹیکسز کے ساتھ ماہانہ50یونٹ تک لائف لائن صارفین کا ٹیرف4 روپے 74 پیسےاور ماہانہ 51سے100یونٹ تک لائف لائن صارفین کا ٹیرف 9 روپے 28 پیسے برقرار رہےگا۔

وفاقی کابینہ نے رواں مالی سال 2024۔25 کے لیے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کی منظوری دی جس کے بعد ٹیکسوں کے بغیر زیادہ سے زیادہ فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے مقرر کیا گیا۔

پاور ڈویژن نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ یکساں ٹیرف کے لیے نیپرا میں جمع کرا رکھا ہے جس پر نیپرا 8 جولائی کو سماعت کرے گا۔

نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کانوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی تجویز ہے، رواں مالی سال بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا بجلی صارفین پر تقریبا 600 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔