پاکستان

وزیر اعلی نے سندھ کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی، مصطفیٰ کمال

وزیراعلی کہتے ہیں سندھ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں، پیپلز پارٹی نے 15 سالوں میں صرف آنکھوں میں دھول جھونکی، رہنما ایم کیو ایم

رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیر اعلی نے سندھ کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے ترقی کرنے کے تمام دعووں کو مسترد کرتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کے مطابق سندھ دنیا میں انسانوں کے رہنے کی جگہ بن گئی ہے، وزیراعلی کہتے ہیں سندھ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 15 سالوں میں صرف آنکھوں میں دھول جھونکی۔

مصطفیٰ کمال نے اشتہارات کی مد میں اربوں روپے خرچ کرنے پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے طنز کیا کہ عملی کام کرکے دکھائیں تو اشتہارات دے کر لوگوں کو بتانا نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ گھوسٹ ٹیچرز کا سنتے تھے لیکن ان کی اپنی رپورٹ ہے کہ سندھ میں 11 ہزار اسکول گھوسٹ ہیں۔