دنیا

ملک کو بڑے ’ری سیٹ‘ کی ضرورت ہے، نو منتخب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا پہلا خطاب

میری حکومت عوام کی خدمت کرےگی، جن لوگوں نے ہمیں ووٹ نہیں دیا ہم ان کی بھی خدمت کریں گے، ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، سربراہ لیبر پارٹی کا ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں قوم سے خطاب

برطانیہ میں ہونے والے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے والی لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ میں ابھی برمنگم پیلس سے واپس آیا ہوں، میں نے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کی ہے۔

نومنتخب وزیراعظم، لیبر پارٹی کے سربراہ سر کیئر اسٹارمر شاہی محل برہنگم پیلس میں برطانوی بادشاہ سے ملاقات کے بعد سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں قوم سے اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی حکومت ہر شہری کو احترام کی نظر سے دیکھےگی، میری حکومت عوام کی خدمت کرےگی۔

کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ہمارے ملک کو ایک بڑے ری سیٹ کی ضرورت ہے، ہم کون ہیں، ہمیں یہ دریافت کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ملک میں تبدیلی لانا کسی سوئچ بٹن کو دبانے کے مترادف نہیں ہے، دنیا اب زیادہ غیر مستحکم جگہ بن چکی ہے، اس لیے برطانیہ میں تبدیلی لانے کے لیے وقت لگے گا۔

کیئر اسٹارمر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تبدیلی کے لیے فوری طور پر کام شروع کرنا ہوگا، ہمیں کوئی شک نہیں کہ ہر ملک کی ہر کمیونٹی کی مدد سے برطانیہ کو دوبارہ سے تعمیر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ان لوگوں کی بھی خاص طور پر خدمت کرے گی جنہوں نے ہمیں ووٹ نہیں دیا، ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم رشی سوناک کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے ملک کے پہلے برطانوی ایشیائی وزیر اعظم تھے، ہم ان کے عزم اور کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک نے تبدیلی کے لیے فیصلہ کن ووٹس دیے۔

برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، برطانیہ کوایک بارپھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے۔

برطانیہ میں 4 جولائی 2024 کو ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی نے واضح اکثریت حاصل ہے جس کے بعد پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر رشی سوناک کی جگہ برطانیہ کے وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔

لیبر پارٹی نے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے ہاؤس آف کامنز میں 410 سیٹیں حاصل کی ہیں جب کہ کنزرویٹو پارٹی نے 118 نشستیں جیتی ہیں۔