دنیا

ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری

انتخابات میں اصلاح پسندد امیدوار مسعود پیز شکیان کا مقابلہ انتہائی قدامت پسند سعید جلیلی سے ہے۔

ایران میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق انتخابات میں اصلاح پسندد امیدوار مسعود پیز شکیان کا مقابلہ انتہائی قدامت پسند سعید جلیلی سے ہے۔

سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، جن کا تمام ریاستی معاملات میں حتمی فیصلہ ہے، نے اپنا حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ابراہیم رئیسی 2021 میں صدر منتخب ہوئے تھے اور معمول کے شیڈول کے تحت صدارتی انتخاب 2025 میں ہونا تھا، تاہم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد صدارتی انتخابات قبل ازوقت منعقد ہورہے ہیں، حادثے میں وزیر خارجہ امیر حسین اور دیگر 6 ایرانی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ایران کے آئین کے تحت نائب صدر محمد مخبر قائم مقام صدر بن گئے تھے۔

28 جون کو ایران میں صدارتی انتخابات منعقد کیے گئے تھے, تاہم انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرسکا جس کے بعد 5 جولائی کو صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ کب پیش آیا؟

واضح رہے کہ 19 مئی کی شام ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ملک کے علاقے آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں حادثہ پیش آیا تھا۔

ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، مقامی میڈیا کے مطابق وہ ایران اور آذربائیجان کے سرحدی علاقے سے واپس لوٹ رہے تھے۔

ہیلی کاپٹر میں کُل 9 افراد سوار تھے جن میں وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، مشرقی آذربائیجان کےگورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی شامل ہیں۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ مزید دو ہیلی کاپٹر بھی شامل تھے، اس میں سے ایک ہیلی کاپٹر کو ملک کے شمال میں دھند کے باعث ’ہارڈ لینڈنگ‘ کرنا پڑی۔