ملک گیر پیٹرول پمپس بند کرنے کی کال پر حکومتی کمیٹی کا اجلاس بےنتیجہ ختم
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے آج ملک گیر پیٹرول پمپس بند کرنے کی کال پر حکومتی کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان ٹیکسز کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔
دوسری جانب اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں اور انہیں کھلا رکھیں۔
قبل ازیں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل بروز جمعہ صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہ نکلا جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
2 روز قبل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بجٹ میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کے خلاف 5 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔