پاکستان

اگر 9 مئی سازش تھی اور پی ٹی آئی ملوث نہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں، رانا ثنااللہ

بانی پی ٹی آئی کو حق حاصل ہے کہ وہ باہر آنے کی پوری کوشش کریں، جبکہ ان کے باہر آنے سے کوئی طوفان نہیں آجائے گا، مشیر وزیر اعظم

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات ہیں اور پی ٹی آئی کہتی ہے 9 مئی سازش تھی اور وہ ملوث نہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں

ڈان نیوز کے پروگرام ’لائیو ود عادل شاہ زیب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’مذاکرات ایک جمہوری تقاضا ہے اور اس سے ہمیں انکار نہیں ہے، ہم نے پہلے بھی کہا تھا ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور آج بھی ہمارا یہی مؤقف ہے۔‘

عمران خان کی رہائی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی کو حق حاصل ہے کہ وہ باہر آنے کی پوری کوشش کریں، جبکہ ان کے باہر آنے سے کوئی طوفان نہیں آجائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات ہیں، پی ٹی آئی کہتی ہے 9 مئی سازش تھی اور وہ ملوث نہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں، جبکہ پی ٹی آئی نے کچھ سوچ رکھا ہے تو ہم نے بھی بندوبست کیا ہوا ہے۔‘

رانا ثنا اللہ نے ملک میں مہنگائی اور بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئے قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ ’عوام کو سب معلوم ہے، مشکلات برداشت کریں گے۔‘

آپریشن عزم استحکام سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے۔