پاکستان

شادی کے وقت یا علیحدگی سے قبل بیوی کو دیے تحائف واپس نہیں لیے جاسکتے، سندھ ہائیکورٹ

شوہر سے ملنے والے تحائف پر علیحدگی کے بعد بھی بیوی کا حق ہوتا ہے، دیے گئے تحائف شوہر واپس نہیں لے سکتا، وہ تحائف بیوی کی ذاتی ملکیت بن جاتے ہیں، سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ شوہر سے ملنے والے تحائف پر علیحدگی کے بعد بھی بیوی کا حق ہوتاہے، دیے گئے تحائف وہ واپس نہیں لے سکتا جب کہ وہ تحائف بیوی کی ذاتی ملکیت بن جاتے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے شادی کے وقت یا علیحدگی سے پہلے بیوی کو دیے گئے تحائف کی واپسی سے متعلق اپیل پر فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت عالیہ نے اپنے جاری فیصلے میں قرار دیا کہ علیحدگی سے قبل بیوی کو دیے گئے تحائف واپس نہیں لیے جاسکتے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ شوہر سے ملنے والے تحائف پر علیحدگی کے بعد بھی بیوی کا حق ہوتاہے، دیے گئے تحائف وہ واپس نہیں لے سکتا جب کہ وہ تحائف بیوی کی ذاتی ملکیت بن جاتے ہیں۔

ماتحت عدالت نے 2015 میں فیملی کیس میں جہیز کے سامان کی واپسی، دوران عدت بیوی کے اخراجات اور بعد میں بچے کے اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف شہری نے اپیل کی تھی۔

اپیل کنندہ نے مؤقف اپنایا تھا کہ ماتحت عدالت میں جہیز کے سامان کی فہرست نہیں دی گئی تھی، ماتحت عدالت کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہے۔

اپیل کنندہ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی جسے سندھہائی کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے شوہر سے ملنے والے تحائف کو بیوی کی ذاتی ملکیت قرار دیا ہے۔