پاکستان

کندھ کوٹ میں کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، دو اہلکار شہید

ڈاکوؤں کے حملے کے بعد ایس ایس پی کندھ کوٹ کا ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر 20 سے زائد ڈاکوؤں کے حملہ میں دو اہلکار شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کے مطابق کندھ کوٹ کے درانی مہر پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع دھودھر پولیس چوکی پر بدھ کی صبح 20 سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کیا اور دونوں فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار اللہ ڈنو سبزوئی، نثار احمد کھوڑو جاں بحق جبکہ زاہد نصیرانی اور انور چنہ زخمی ہو گئے۔

ڈاکوؤں کے حملے اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کی خبر سن کر ایس ایس پی کندھ کوٹ بشیر احمد بروہی نے اطراف کے دیگر تھانوں سے نفری طلب کر کے کچے کے علاقے میں آپریشن کیا۔

پولیس نے دھودھر پولیس چوکی کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بھاگنے والے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

مرنے والے ڈاکو کی شناخت نذیر احمد عرف موالی بھایو عرف میانداد بھایو کے نام سے ہوئی ہے جو پولیس کو اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی، پولیس پر حملوں سمیت 25 سے زائد سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ حکومت پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتی۔

انہوں نے آئی جی سندھ کو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

بعدازاں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں اللہ ڈنو سبزوئی اور نثار احمد کلہوڑو کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی جس میں میں ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کندھ کوٹ سمیت رینجرز ونگ کمانڈر سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پولیس کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے شہید اہلکاروں کو سلامی پیش کی گئی اور بعدازاں ان کی میت کو سپرد خاک کرنے کے لیے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔