پاکستان

ایڈوانس ٹیکس کے خلاف ہڑتال پر پیٹرولیم ڈیلرز اور ٹینکرز ایسوسی ایشن میں اختلافات

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پانچ جولائی کو ملک گیر ہڑ تال کا اعلان کیا ہے جس سے ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے لا تعلقی کا اعلان کردیا۔

ایڈوانس ٹیکس کے خلاف ہڑتال پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن میں اختلافات سامنے آگئے اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی پانچ جولائی کی ملک گیر ہڑ تال سے ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کو فنانس بل میں ایڈوانس ٹرن اوورٹیکس پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنانس بل میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے جس سے پیٹرول پمپ کا کاروبار چلانا ناممکن ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایڈوانس ٹیکس پر نظرثانی کر کے اسے فوری طور پر ختم کرے ورنہ کاروبار بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں رہے گا۔

چئیرمین آل پاکستان ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے فنانس بل کے خلاف ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں سپلائی بند کرنے کا بھی سوچ نہیں سکتے۔