پاکستان

نااہلی کیخلاف احتجاج کا کیس: عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان بری

جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید ،شہریار آفریدی ، فیصل جاوید، راجا خرم نواز ،علی نواز اعوان اسد قیصرکو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات میں بری کردیا۔
|

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے نا اہلی کے خلاف احتجاج کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر ملزمان کو بری کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید ،شہریار آفریدی ، فیصل جاوید، راجا خرم نواز ،علی نواز اعوان اسد قیصرکو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات میں بری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے محفوظ شدہ فیصلہ سنادیا، عمران خان ، شیخ رشید و دیگر کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ اور انصر کیانی نے دلائل دیے تھے۔

یاد رہے کہ عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید و دیگر کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کیس کا پس منظر

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں نااہل قرار دینے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کے لیے سڑکوں پر آکرکئی مقامات پر ٹائرز جلاکر سڑکیں بلاک کردی تھیں۔

تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب پنجاب اور وفاق کی سرحد فیض آباد پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور آنسو گیس کے گھنے بادلوں نے انٹرچینج کو لپیٹ میں لے لیا۔

احتجاج کا کیس: عدم پیشی پر علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

دفعہ 144 کی خلاف ورزی: عمران خان و دیگر کیخلاف درج 2 مقدمات میں ملزمان کی حاضری کا حکم

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا کیس: عمران خان 30 مئی کو عدالت طلب