کھیل

ٹی20 ورلڈکپ فائنل میں ڈیوڈ ملر کا کیچ متنازع تھا؟ سوریا کمار نے وضاحت کردی

’باؤنڈری کا کشن ہلا ضرور تھا لیکن یہ کھیل کے دوران ہوا تھا اور اس سے سوریا کمار کا کوئی لینا دینا نہیں تھا، سابق جنوبی افریقی کپتان

ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر کا شاندار کیچ پکڑ کر بھارت کی جیت پر مہر ثبت کرنے والے سوریاکمار یادوو نے ڈیوڈ ملر کے کیچ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ باؤنڈری لائن پر کیچ پکڑتے ہوئے رسی کو نہیں چھوا تھا ۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے جارح مزاج بلے باز سوریا کمار یادوو نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل کے آخری اوور میں ڈیوڈ ملر کے کیچ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ’جیسے ہی انہوں نے دیکھا گیند باؤنڈری کی جانب آرہی ہے اور روہت شرما کا وہاں تک پہنچنا ناممکن تھا کیوں کہ وہ تھوڑے فاصلے پر تھے، جس پر انہوں نے ہرحال میں یہ کیچ تھامنے کا فیصلہ کیا‘۔

بھارتی ٹی وی انڈین ایکسپریس کو انٹریو دیتے ہوئے سوریا کمار یادوو نے کہا ’عام طور پر روہت شرما لانگ آن پر فیلڈنگ نہیں کرتے لیکن اس لمحے وہ وہاں موجود تھے اور جیسے ہی گیند ہماری طرف آئی تو چند لمحات کے لیے ہم نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا، جس کے بعد میں نے گیند کی طرف دوڑ لگائی‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر روہت شرما تھوڑا قریب ہوتے تو میں یہ کیچ لینے کی کوشش نہیں کرتا، چونکہ وہ میرے مقابلے میں تھوڑے فاصلے پر تھے اس لیے میں نے اس کیچ کو لینے کا فیصلہ کیا اور اس 4 سے 5 سیکنڈ میں جو بھی ہوا، میں اس کی وضاحت الفاظ میں نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کو ٹی20 ورلڈکپ چیمپئن بننے کے لیے آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے، ایسے میں ہاردک پانڈیا کی پہلی ہی گیند پر ڈیوڈ ملر نے زور دار ہٹ لگائی، لیکن سوریا کمار یادوو نے اپنی مہارت سے اس چھکے کو کیچ میں تبدیل کرکے پروٹیز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

تاہم، گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس کیچ سے متعلق بحث جاری ہے کہ آیا یہ کیچ کلیئر تھا یا نہیں، کیوں کہ گردش کردہ ویڈیو میں سوریا کمار کے کیچ پکڑتے وقت دو باتیں سامنے آئیں، پہلی تو یہ کہ باؤنڈری لائن کی رسی اپنے مقام سے پیچھے تھی، اور بظاہر ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ کیچ تھامتے ہوئے سوریا کمار کا پاؤں رسی کو چھوا تھا۔

اس حوالے سے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شان پولاک کے بیان نے اس کیچ سے متعلق مزید سوالات پیدا کردیے، انہوں نے کہا ’باؤنڈری کا کشن ہلا ضرور تھا لیکن یہ کھیل کے دوران ہوا تھا اور اس سے سوریا کمار کا کوئی لینا دینا نہیں تھا، اور انہوں نے انتہائی مہارت سے وہ کیچ پکڑا تھا‘۔

کیچ سے متعلق سوال کے جواب میں سوریا کمار یادوو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ’یہ ایک فیئر کیچ تھا اور میں اس حوالے سے مطمئن تھا کہ میرا پیر رسی کو نہیں چھوا، البتہ جب میں نے کیچ پکڑنے کے بعد دوبارہ گیند کو اچھالا تو مجھے ڈر تھا کہ کہیں باؤنڈری کے اندر پیر رکھتے ہوئے گیند میرے ہاتھ میں تو نہیں تھی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

انہوں نے اس کیچ کا کریٹڈ اپنے فیلڈنگ کوچ کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی کی بدولت ہی یہ کیچ پکڑنے میں کامیاب رہا، اگر یہ چھکا ہوجاتا تو ہم پھر بھی شاید میچ جیت جاتے لیکن اس وقت صورتحال بالکل مختلف ہوجاتی۔

سوریا کمار کا کہنا تھا کہ ہم عموماً پریکٹس میچز، آئی پی ایل اور دیگر سیریز کے دوران اس طرح کے کیچ پکڑنے کی بھرپور پریکٹس کرتے ہیں اور یہ کیچ سالوں سے کی جانے والی اسی محنت کا نتیجہ تھا۔

بھارتی بلے باز نے مزید کہا ’میں ان 5 سیکنڈ کے لمحے کو بیان نہیں کرسکتا اور اس ایک کیچ کی وجہ سے مجھے شائقین کرکٹ سے جتنی محبت ملی وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتا، مجھے سیکڑوں کی تعداد میں فون، میسجز اور واٹس پر پیغامات موصول ہوئے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت، جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر 17 سال بعد ٹی20 کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنا تھا۔