کھیل

پی سی بی نے 12 قومی کرکٹرز کو لیگز میں شرکت کے لیے این او سی دے دیے

کھلاڑیوں کو ٹی20 لیگ، کیریبیئن پریمیئر لیگ، انگلش کاؤنٹی، لنکا پریمیئر لیگ اور دی ہنڈرز کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کو دنیا کے مختلف ممالک میں کھیلے جانے والی ٹی20 لیگز میں شرکت کے لیے این او سی جاری کردیے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ سی بی نے 12 قومی کرکٹرز کو مختلف ٹی20 لیگز میں شرکت کے لیے این او سی دیا ہے۔

کھلاڑیوں کو امریکا کی ٹی20 لیگ، کیریبیئن پریمیئر لیگ، کاؤنٹی کرکٹ، لنکا پریمیئر لیگ، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز اور دی ہنڈرز کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں۔

جن 12 کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے گئے ان میں ابرار احمد، فخر زمان، حارث رؤف، محمد عامر، محمد حارث، محمد حسنین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سلمان علی آغا، شاداب خان، شرجیل خان، صہیب مقصود، اسامہ میر اور زمان خان کو بھی مختلف لیگز میں شرکت کے لیے این او سی دیا گیا ہے۔

این او سی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور اعظم خان سمیت حال ہی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے متعدد کھلاڑیوں کے نام شامل نہیں ہیں۔