پاکستان

وزیراعظم 2 روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے

نائب وزیر اعظم اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور سید طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر اسلام آباد سے تاجکستان پہنچ گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور سید طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

دوشنبہ ایئرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ، تاجک نائب وزیر خارجہ فرخ شریف زادہ نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا، دوشنبہ کے مئیر جمشید تبر زادہ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ بھی ایئرپورٹ پر موجد تھے۔

دوشنبہ ایئرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجک وزیراعظم عزت مآب قاہر رسول زادہ کی ملاقات اور گفتگو کی۔

بعد ازاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوشنبہ میں اسمعیل سامانی کی یادگار پر پہنچ کراسمعیل سامانی کی یادگار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا، اسمعیل سامانی وسط ایشیا کی تاریخی شخصیت اور تاجکستان کے قومی ہیرو ہیں، اسمعیل سامانی نے نویں اور دسویں صدی میں تاجکستان اور خراسان کے علاقے پر حکومت کی تھی، اسمعیل سامانی نے تاجک قوم کو تاریخ ساز ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا۔

بعد ازاں صدارتی محل آمد پر شہباز شریف کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد کی گئی، وزیراعظم شہبازشریف کا تاجک کابینہ سے تعارف کرایا گیا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 3 اور 4 جولائی کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہان کی کونسل اور ایس سی او پلس کے دو سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لیے قازقستان جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے اور اس اہمیت کو اجاگر کریں گے کہ پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ علاقائی روابط اور تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔