یورو 2024ء: ایمباپے کی فرانس اور رونالڈو کی پرتگال نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی
یورپیئن چیمپیئن شپ (یورو 2024) کے دلچسپ کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں جن میں گزشتہ شب کھیلے گئے پری کورٹر فائنل میچز میں فرانس نے بیلجیئم جبکہ پرتگال نے سلووینیا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
فرانس اور بیلجیئم کے درمیان میچ میں دونوں ٹیموں نے تیز کھیل کھیلا اور یکے بعد دیگرے ایک دوسرے کے گولز پر اسکور کرنے کی کوششیں کیں لیکن کامیابی حاصل نہ ہوسکی، ایسے میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں اترنے والے کولن موآنی نے ایک شاندار موو بنایا جوکہ بیلجیئم کے ورٹونگن سے ٹکرا کر گول ہوگیا۔
85ویں منٹ میں اسکور کیا جانے والا یہ گول اون گول قرار پایا اور اسی کی بدولت فرانس نے 0-1 سے فتح اپنے نام کی۔
دوسرا میچ پرتگال اور سلووینیا کے درمیان کھیلا گیا، میچ کا وقت ختم ہونے تک دونوں ٹیمیں گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں جس پر میچ اضافی وقت میں چلا گیا، 104ویں منٹ میں پرتگال کو پینلٹی پر گول اسکور کرنے کا موقع ملا جس کے لیے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو آگے آئے لیکن گول کیپر نے ان کی پینلٹی کامیابی سے روک لی۔
پینلٹی کا موقع ضائع کردینے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے سامنے روتے نظر آئے۔
اضافی وقت میں گول اسکور نہ ہونے کے باعث میچ پینلٹیز پر گیا اور اس بار رونالڈو سب سے پہلے پینلٹی لینے آئے، پینلٹی پر گول اسکور کرنے کے بعد رونالڈو نے ہاتھ جوڑ کر پرتگال کے شائقین سے پہلی پینلٹی ضائع کردینے پر معذرت کی۔
پرتگال نے پینلٹیز پر سلووینیا کو 0-3 سے شکست دے کر 2016ء کے بعد پہلی بار اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی، 2016ء میں کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال یورپیئن چیمپیئن بنا تھا۔
میچ کے بعد اپنے بیان میں رونالڈو نے باقاعدہ معافی طلب کی اور ساتھ ہی واضح کردیا کہ بلاشبہ وہ آخری بار یورپیئن چیمپیئن شپ میں شرکت کررہے ہیں۔
اسپین، جرمنی، سوئزرلینڈ، انگلینڈ کے بعد فرانس اور پرتگال نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے، پرتگال اور فرانس کے درمیان کوارٹر فائنل میچ 6 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی 6 ٹیموں کا فیصلہ ہوچکا ہے البتہ آخری دو ٹیمیں کون سی ہوں گی، اس کا فیصلہ آج کے میچز میں ہوگا جہاں آسٹریا کی ٹیم کا مقابلہ ترکیہ جبکہ رومانیہ کی ٹیم نیدرلینڈز سے ٹکرائے گی۔