دنیا

وزیراعظم 3 اور 4 جولائی کو ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے قازقستان جائیں گے

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

وزیر اعظم شہباز شریف 3 اور 4 جولائی کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہان کی کونسل اور ایس سی او پلس کے دو سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لیے قازقستان جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے اور اس اہمیت کو اجاگر کریں گے کہ پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ علاقائی روابط اور تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم، ایس سی او پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے جو ایس سی او کے رکن ممالک کے ساتھ ساتھ ڈائیلاگ پارٹنرز، مبصر ریاستوں، چیئر کے مہمانوں اور بین الاقوامی تنظیموں کو بھی مدعو کرے گا۔

شہباز شریف اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے اور ایس سی او خطے کے لوگوں کے فائدے کے لیے تنظیم کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔