پاکستان

وفاقی حکومت مہنگائی کا سالانہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام

جون میں مہنگائی کی شرح 12.57 فیصد رہی، مئی 2024 میں مہنگائی کی شرح 11.76 فیصد تھی، رپورٹ
|

وفاقی حکومت مہنگائی کاسالانہ ہدف حاصل کرنےمیں ناکام ہوگئی، مالی سال2023-2024 میں ملک میں اوسط مہنگائی 23.41 فیصد رہی جبکہ مالی سال2023۔2024 کے لیے مہنگائی کا سالانہ ہدف 21 فیصد مقرر تھا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ماہانہ رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ جون میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 0.46 فیصد اضافہ ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون میں مہنگائی کی شرح 12.57 فیصد رہی، مئی 2024 میں مہنگائی کی شرح 11.76 فیصد تھی۔

رپورٹ کے مطابق جون کے دوران شہروں میں مہنگائی میں 0.58 فیصد جبکہ دیہات میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال 24-2023 کے دوران شہروں میں مہنگائی کی شرح 24.12 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال دیہات میں مہنگائی کی شرح 22.41 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 3 جون جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کو ملک میں مہنگائی میں 3.24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مئی میں مہنگائی کی شرح 11.76 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی میں آلو 14.73 ، گوشت 4 اور لوبیا 3.9 فیصد مہنگا ہوا، جب کہ ٹماٹر، پیاز 51، چکن 35.2 اور گندم 22.7 فیصد سستا ہو، ایک سال کے دوران پیاز 86.6 ، ٹماٹر 55.4 اور مسالحہ جات 39.17 فیصد مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مئی میں مائع ایندھن 9.4 ، بجلی چارجز 4.5 اور موٹر فیول 3.18 فیصد سستا ہوا، جب کہ ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں 58.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں ٹرانسپورٹ سروس 32.2 اور کاٹن ملبوسات 23.2 فیصد مہنگی ہوئی۔