کراچی: بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہری مشتعل، پولیس پر پتھراؤ، متعدد گرفتار
کراچی میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے نشتر روڈ پر احتجاج کیا، پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل برسائے اور ہوائی فائرنگ کی، متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن نشتر روڈ پر رام سوامی کے مکینوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا، احتجاج کے دوران سیکڑوں علاقہ مکینوں نے نشتر روڈ پر دھرنا دے دیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، مظاہرین نے سڑک پر ٹائر، فروٹ کی پیٹیاں اور دیگر سامان رکھ کر آگ لگائی۔
پولیس کے موقع پر پہنچنے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا جس سے پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی، تاہم مذاکرات ناکام ہونے پر مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل برسائے گئے، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے، اس دوران متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔
پولیس نے جوابی کارروائی میں ہوائی فائرنگ کے ساتھ لاٹھی چارج بھی کیا جس کے بعد سڑک کو کھلوادیا گیا، پولیس کی کارروائی کے دوران گھروں میں بھی آنسو گیس کے شیل گرنے سے بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں معمول کی 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے علاوہ رات میں بھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے اور سندھ حکومت کی ہدایات کے باوجود کے الیکٹرک نے رات گئے بجلی کی بندش جاری رکھی ہوئی ہے، جس کے خلاف مختلف علاقوں میں شہریوں نے احتجاج کیا۔
کراچی میں اولڈ سٹی ایریا، گارڈن ویسٹ، اللہ والا ٹاؤن، کورنگی، نشتر روڈ، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، ملیر اور دیگر علاقوں میں رات 2 بجے سے بجلی کی بندش کا سلسلہ معمول بن گیا ہے جب کہ دن میں 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے رات گئے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔
تاجروں کی سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی
دوسری جانب، بجلی کی قیمت میں اضافے اور بلوں میں فکسڈ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ملک بھرکے تاجر آج ہڑتال کریں گے، تاجر رہنماؤں نے بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس نہ لینے پرسول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی بھی دی۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے واضح کیا ہے کہ بجلی بلوں میں فکس ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کیاجائے گا۔
تاجر رہنما نے بجلی کے بلوں میں اضافے کو ظلم قرار دیتے ہوئے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے اور احتجاج کرنے کی اپیل کردی۔